کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیلسٹک میزائل کا معاملہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی ایجنڈے کا کبھی حصہ نہیں تھا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کیا اور یہ ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات برادرانہ اور دیرینہ ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات کی کامیابی میں مختلف ممالک، خصوصاً قطر، سعودی عرب اور ترکیہ نے بھی مثبت کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات منفرد اور برادرانہ ہیں اور مستقبل میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے دفاعی میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
