اسلام آباد (ویب نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں اب مذاکرات کی باتیں کرنے والی آوازیں ایک مثبت پیش رفت ہیں۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ ان بیانات پر بھارتی حکومت کے مثبت ردعمل کے منتظر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریک ٹو یا بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے دفتر خارجہ کو کوئی معلومات نہیں ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت کی انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اشارہ دیا گیا تھا۔ آر ایس ایس کے جنرل سیکریٹری دتاتریہ ہوسابالے نے کہا تھا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں اور ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اسی طرح بھارت کے سابق آرمی چیف منوج نروانے نے بھی مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل ایک جیسے ہیں اور انہیں سیاست سے الگ رکھ کر حل کیا جانا چاہیے۔
