چمن( سید سردار محمد خوندئی )
خصوصی انسدادِ پولیو مہم (ایف آئی پی وی-او پی وی) کے پہلے روز کی شام کی جائزہ اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) بلوچستان کے صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انعام الحق اور ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے ضلع چمن میں جاری خصوصی انسدادِ پولیو مہم (ایف آئی پی وی-او پی وی) کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے شام کے ریویو اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
اجلاس میں ڈی ایچ او چمن ایم ایس ڈاکٹر محمد اویس و ٹیکنیکل فوکل پرسن ڈاکٹر نجیب اللہ، عالمی ادارۂ صحت کی کور ٹیم کے ڈاکٹر اسد اللہ صافی، محکمہ صحت کے متعلقہ افسران، پولیو پروگرام کے نمائندگان اور دیگر شراکت دار اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مہم کے پہلے روز کی مجموعی پیش رفت، ٹیموں کی کارکردگی، بچوں تک رسائی، درپیش چیلنجز، سیکیورٹی، فیلڈ میں پیش آنے والے مسائل اور آئندہ کے لیے مؤثر حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور (ایف آئی پی وی) ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں، ٹیموں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور رہ جانے والے بچوں تک فوری رسائی کو یقینی بنائیں۔
صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انعام الحق نے مہم کی کامیابی کے لیے تمام اداروں کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی، مسلسل نگرانی اور والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ ٹیموں کو ہدایت کی کہ درپیش چیلنجز کو بروقت حل کرتے ہوئے مہم کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنایا جا سکے۔
