کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کے شہروں بندرعباس، شیراز اور بوشہر میں ایک بار پھر دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق بندرعباس میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے اور ساحلی علاقوں میں بھی متعدد دھماکے سنے گئے۔ ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق بوشہر میں بھی دو دھماکوں کی اطلاعات ہیں، تاہم ان کے مقامات کے بارے میں سرکاری سطح پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا کے رات بھر جاری حملوں کے جواب میں پاسدارانِ انقلاب نے امریکی اہداف کے خلاف جوابی میزائل حملے کیے ہیں، جن میں کویت میں متعدد اہداف اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
