پاکستان ۱۰ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان کے 8 اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس آپریشنز، 15 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ویب نیوز) ــ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 15 دہشت گرد (خوارج) ہلاک کر دیے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں مشترکہ اور کامیاب آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 15 خوارج کی ہلاکت سے ’’فتنہ الہند‘‘ اور ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے مذموم منصوبے ناکام بنا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کا فخر ہیں اور بلوچستان سے تمام دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔