پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

بلوچستان کے سست روی کا شکار ترقیاتی منصوبوں پر سینیٹ کمیٹی میں تفصیلی غور، بروقت تکمیل پر زور

اسلام آباد/کوئٹہ (ویب نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات اور قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ کمیشن کے مشترکہ اجلاس میں بلوچستان کے اہم قومی شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتار پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ نے ڈی آئی خان۔ژوب روڈ، کوئٹہ۔ژوب ڈبل روڈ، قومی شاہراہ این-25 (کراچی، کوئٹہ، چمن) اور دیگر اہم منصوبوں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے جواب طلب کیا۔ حکام نے فنڈز کی کمی، اراضی کے حصول اور انتظامی مسائل کو تاخیر کی وجوہات قرار دیتے ہوئے منصوبوں کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی سفری سہولیات کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے، جبکہ پیش رفت کی مسلسل نگرانی اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کی سفارش بھی کی گئی۔