مقامی ۱۹ جون ۲۰۲۶

بلوچستان کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں، بے روزگاری کے خاتمے اور میڈیا کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک حالیہ آزاد سروے کے مطابق صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان نہیں بلکہ بے روزگاری ہے، کیونکہ 60 فیصد سے زائد عوام نے روزگار کے فقدان کو اپنی بنیادی پریشانی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت نجی شعبے کو مل کر بے روزگاری کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا اداروں کی جانب سے بلوچستان میں بیورو دفاتر بند کرنے کے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ورکرز کو بے روزگار نہیں ہونے دیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو وہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے براہ راست بات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو چینلز بلوچستان میں اپنے دفاتر بند کرتے ہیں انہیں قومی میڈیا کہلانے کا حق نہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے دوران بلوچستان کے حقوق کے تحفظ کیلئے وفاق کے سامنے مضبوط مؤقف اختیار کیا گیا اور اگر صوبے کا حق تسلیم نہ کیا جاتا تو ترقیاتی منصوبوں کیلئے انتہائی محدود وسائل بچتے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بلوچستان کے مؤقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔