کوئٹہ(ویب نیوز)صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں پیر کے روز موسم صاف، خشک اور گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شمال مغربی سمت سے چلنے والی خشک ہواں کے باعث مختلف اضلاع میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات اور موسمی تجزیہ کاروں کے مطابق، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے بالائی، وسطی، مغربی اور ساحلی علاقوں میں 40 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم، شمال مشرقی بلوچستان کے سلیمان رینج، وسطی بلوچستان کی کیرتھر رینج اور خضدار ڈویژن کے بعض پہاڑی علاقوں میں دوپہر یا شام کے اوقات میں مقامی سطح پر بادل بننے کے امکانات ہیں، لیکن بارش کی کوئی واضح پیشگوئی نہیں کی گئی۔درجہ حرارت کے اعتبار سے سبی اور بھاگ بلوچستان کے گرم ترین علاقے رہیں گے جہاں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ تلی، ڈیرہ مراد جمالی اور جیکب آباد میں 46، تربت و آواران میں 45، خاران میں 44، بیلہ میں 43، دالبندین میں 42 اور ڈیرہ بگٹی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری رہے گا جبکہ زیارت 24 ڈگری کے ساتھ سب سے خوشگوار مقام رہے گا۔ دوسری جانب، سندھ کے میدانی اضلاع دادو، لاڑکانہ، مہر اور شہداد کوٹ میں شدید ترین ہیٹ ویو کے باعث پارہ 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک چھو سکتا ہے۔ شدید موسمی صورتحال کے پیشِ نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔
