کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور مائنز مالکان کے دیرینہ مطالبات کے پیش نظر قومی شاہراہوں پر قائم متعدد کسٹم چیک پوسٹوں کے خاتمے اور ان میں کمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جسے کاروباری اور صنعتی حلقوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا، سامان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا ہے۔ تاجر تنظیموں اور مائنز مالکان کا کہنا ہے کہ غیر ضروری چیکنگ اور طویل انتظار کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں، جبکہ نئے فیصلے سے اخراجات میں کمی اور معاشی سرگرمیوں میں بہتری متوقع ہے۔
