کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، اسمبلی اراکین میر رحمت صالح بلوچ، میر زابد علی ریکی اور مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات دن بہ دن خراب ہو رہے ہیں اور حکومت و مقتدر قوتیں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہیں۔ صحافیوں سے الگ الگ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بے روزگاری، بدامنی اور سرحدوں کی بندش کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو حقوق، عزت اور انصاف فراہم کیے بغیر صوبے میں امن اور ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندوں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ صوبے کے وسائل پر اختیار رکھنے والی قوتیں عوامی مشکلات سے بے پروا ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اپوزیشن بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول، لاپتہ افراد کے مسئلے، بدامنی اور لوٹ مار کے خاتمے کے لیے ہر فورم پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل مذاکرات، مشاورت اور آئین و جمہوریت کے دائرے میں رہ کر جدوجہد میں ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ظلم و جبر کے خلاف، عوامی حقوق کے حصول اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اسمبلی کے اندر اور باہر اپنا کردار جاری رکھیں گے۔
