اسلام آباد/گوادر (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں قومی سیاسی صورتحال، وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون، پارلیمانی امور اور صوبے کی مجموعی ترقی سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال اور عوامی فلاحی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی اور قومی دھارے میں موثر شمولیت کیلئے وفاقی تعاون ناگزیر ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب گوادر میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے عوام دوست وژن کے تحت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر نے ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق بلوچ کے ہمراہ آر ایچ سی سربندن اور سی ڈی ببر شور کا دورہ کیا، جہاں طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی آلات، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے لیے ضروری ادویات، واٹر ڈسپنسر اور ایکسرے مشین سمیت دیگر طبی آلات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ایمبولنس کی جلد بحالی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ ڈاکٹر یاسر طاہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق عوام کو بروقت، معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔
