مقامی ۲ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان کی بدامنی کی بنیادی وجہ بیرونی مداخلت ہے، سرداری نظام اب ترقی کا ضامن نہیں میر ظہور احمد بلیدی

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ اگرچہ بلوچستان کا سرداری نظام اب ترقی کا ضامن نہیں رہا اور ماضی میں اس نے عوام کی ترقی، تعلیم اور بااختیار بنانے کے عمل کو نقصان پہنچایا، تاہم صوبے کو درپیش موجودہ سیکیورٹی، سیاسی اور سماجی بحران صرف اندرونی عوامل کا نتیجہ نہیں بلکہ ان میں بیرونی مداخلت کا کردار بھی نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیش آنے والے پیچیدہ سیکیورٹی واقعات جدید اسلحے، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس معاونت اور بیرونی حمایت کے بغیر ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت، قدرتی وسائل اور سرحدی محلِ وقوع کے باعث مختلف بیرونی عناصر اپنے مفادات کے لیے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میر ظہور احمد بلیدی نے مزید کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، اور بلوچستان کے مسائل کا پائیدار حل قومی یکجہتی، سیاسی استحکام، عوامی شمولیت اور بیرونی مداخلت کے مؤثر سدباب میں مضمر ہے۔