مقامی ۱۸ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان کو محفوظ بنانے کیلئے دہشتگردی کے خلاف آپریشن جاری، صوبائی وزراء

کوئٹہ(ویب نیوز) صوبائی وزراء عاصم کرد گیلو، حاجی محمد خان لہڑی، میر ظہور احمد بلیدی، بخت محمد کاکڑ اور حاجی ولی نورزئی نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی اور بدامنی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز مسلسل جنگ لڑ رہی ہیں اور وطن کے تحفظ کیلئے قیمتی جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے پشاور میں مسجد کو نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہ کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سرزمین کو محفوظ بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث دہشتگرد عناصر کے عزائم ناکام ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ جو عناصر صوبے میں حالات خراب کرنے، تعمیراتی مشینری جلانے اور قومی شاہراہوں پر ٹریکٹروں سے سڑکیں کھودنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے بلکہ ان کارروائیوں سے عوام ہی کو نقصان پہنچ رہا ہے اور عوام میں ایسے عناصر کیلئے نفرت کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو جدید سہولیات فراہم کرے اور امن و ترقی کے عمل کو جاری رکھے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، جوان ملک کے امن و سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ قوم اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستی اداروں کا ساتھ دے۔