کوئٹہ(ویب نیوز)صوبائی وزراء و ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، حکومت صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ میر سلیم کھوسہ، میر شعیب نوشیروانی، میر صادق عمرانی، محمد خان لہڑی، شیخ زرک خان مندوخیل اور حاجی محمد خان طوراتمان خیل نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض عناصر ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرکے بلوچستان کو دوبارہ اندھیروں کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، تاہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک پرامن، جمہوری اور خوشحال صوبہ ہے، نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں کے بجائے تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کو بہتر بنانا چاہیے۔ حکومت صوبے میں ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو جلد مثبت نتائج ملیں گے۔
