مقامی ۴ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں کینسر کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ، تحقیق میں اہم انکشافات

کوئٹہ (ویب نیوز) آغا خان ہسپتال اور آریا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوئٹہ کے ماہرین کی مشترکہ تحقیق میں بلوچستان سے حاصل کیے گئے 16 ہزار 342 بائیوپسی نمونوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں 5 ہزار 145 میں کینسر کی تصدیق ہوئی۔ تحقیق کے مطابق متاثرہ مریضوں میں 52 فیصد مرد اور 48 فیصد خواتین شامل ہیں، مردوں میں غذائی نالی کا کینسر سب سے زیادہ جبکہ خواتین میں بریسٹ کینسر عام پایا گیا۔ محققین کے مطابق نمکین، محفوظ اور خشک غذاؤں کا زیادہ استعمال، تازہ پھلوں اور سبزیوں کی کم دستیابی یا استعمال، ماحولیاتی عوامل اور افیون کا استعمال ممکنہ خطرات میں شامل ہوسکتے ہیں، تاہم ان عوامل کو کینسر کی حتمی وجوہات قرار نہیں دیا گیا۔ تحقیق میں بلوچستان میں کینسر کے بہتر ریکارڈ اور مزید جامع تحقیق کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔