تازہ ترین ۲۱ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے میں محکمہ کھیل مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے میں محکمہ کھیل کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں محدود ہونے کے باعث کھیل سے وابستہ نوجوانوں کے منشیات کی جانب راغب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایسے کھلاڑی بھی متاثر ہو رہے ہیں جو مختلف کھیلوں میں صوبے اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، جبکہ بیرون ملک مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو سرکاری فنڈز فراہم نہ کرنے کی ہدایات بھی سامنے آئی ہیں۔ سیکرٹری کھیل نے تصدیق کی ہے کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے بیرون ملک کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو مالی معاونت نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب کھیلوں سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ، مقامی ٹیلنٹ کی سرپرستی اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے محکمہ کھیل کو مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔