\کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ )آئی ایس پی آر( کے مطابق فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا ایک اہم اور مصروف دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کے افسران، اساتذہ اور جوانوں سے تفصیلی ملاقاتیں کیں اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے افسران و فیکلٹی ممبران سے خصوصی خطاب کیا۔ کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور)کور کمانڈر( نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا پرجوش استقبال کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اعلی تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو بزاتِ خود سراہتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی ادارے کے فارغ التحصیل افسران نے ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی اور فرض شناسی کی بدولت خود کو نمایاں اور ثابت قدم رکھا ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بدلتی ہوئی عالمی عسکری صورتحال اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ جدید جنگ کی بدلتی نوعیت کے پیشِ نظر مسلسل اعلی تربیت اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مستقبل کے پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، مشترکہ عسکری حکمتِ عملی اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مضبوط و پائیدار ہم آہنگی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج غیور عوام کی بھرپور حمایت اور تائید کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔سپہ سالار نے اپنے خطاب میں دشمنوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر جھوٹے پروپیگنڈے، جعلی خبروں )فیک نیوز( یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی بزدلانہ دہشت گردی کے ذریعے کسی بھی صورت روکا نہیں جا سکتا، اور ریاست و عوام کے مضبوط اتحاد سے دشمنوں کی ایسی تمام ناپاک سازشیں ہمیشہ ناکام ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی ترقی کے قیام کے لیے عوام دوست پالیسی اور بہتر طرزِ حکمرانی انتہائی ضروری ہے، اور اس سلسلے میں انہوں نے حکومتِ بلوچستان کے مثبت اقدامات کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے بلند حوصلے، فرض شناسی اور بہترین آپریشنل تیاری کی بھی بھرپور تعریف کی ہے۔
