تازہ ترین ۱۱ جولائی ۲۰۲۶

بلوچستان میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ (ویب نیوز): حکومت بلوچستان نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بلوچستان اب 11 ڈویژنز اور 41 اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے تحت ضلع کوئٹہ کو کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ کے دو اضلاع میں تقسیم کر دیا گیا ہے جبکہ ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کیا گیا ہے۔ حکومت نے قلات ڈویژن کو ختم کرتے ہوئے خضدار اور لسبیلہ کے نام سے دو نئے ڈویژنز قائم کیے ہیں، جبکہ پشین کے نام سے نیا ڈویژن بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سبی ڈویژن کا نام تبدیل کرکے سیوی ڈویژن رکھ دیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ انتظامی تبدیلیاں صوبے میں بہتر حکمرانی، انتظامی امور کو مؤثر بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے مقصد سے عمل میں لائی گئی ہیں۔