پاکستان ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں، کمانڈر سمیت 9 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فتنہ الہندوستان کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں کمانڈر سمیت 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی ایک گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس میں کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد ہلاک اور گاڑی تباہ ہوگئی۔ دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشت گرد مارے گئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد ہوا، جبکہ وہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی اور صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور بلیدی نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو صوبے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔