کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں صحتِ عامہ کا معیار بلند کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ مختلف علاقوں سے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ بلوچستان کے عوام معیاری طبی سہولیات کے حق دار ہیں اور صحت کے نظام میں بہتری کے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ وفود نے صوبائی وزیر کو مقامی مراکزِ صحت میں ادویات کی کمی، عملے کی عدم دستیابی اور بنیادی سہولیات کے فقدان سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ بخت محمد کاکڑ نے عوامی شکایات سنیں اور فوری مسائل کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل سننے کے لیے اوپن ڈور پالیسی جاری رکھی جائے گی تاکہ عام شہری براہِ راست اپنی شکایات پیش کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود مختلف اضلاع کے ہسپتالوں کے اچانک دورے کریں گے تاکہ صحت مراکز کی حقیقی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ محکمہ صحت میں انتظامی اصلاحات اور شفافیت کے لیے جامع منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے اور تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے ہر شہری کو بہتر، بروقت اور قابلِ اعتماد طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر بھرپور عمل درآمد کیا جائے گا۔
