مقامی ۲۹ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں صحافیوں کے شہداء کے دن پر میڈیا فورم کی اپیل پر یوم سیاہ

کوئٹہ (ویب نیوزڈ) بلوچستان میڈیا فورم کی اپیل پر صحافیوں کے شہداء کے دن کے موقع پر کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں یوم سیاہ منایا گیا، جبکہ شہید صحافیوں کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پر صحافیوں، سوشل میڈیا کارکنوں اور میڈیا سے وابستہ افراد نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، جبکہ پریس کلبوں کی عمارتوں اور مختلف صحافتی دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔ کوئٹہ میں بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی رہنما قیوم بلوچ، سبی میں جنرل سیکرٹری اللہ داد رند، نائب صدر ندیم بابر مغل، بھاگ میں مرکزی نائب صدر رمضان بھٹو، ایڈیشنل سیکرٹری امداد حسین، سبی ڈویژن کے صدر گووندا راہیجا، بختیار آباد میں مرکزی نائب صدر اللہ یار ڈومکی، شریف جمالی، اسد اللہ عمرانی، ڈاکٹر رضا بابئی، شیخ فرید اللہ اور دیگر نے یوم سیاہ منانے والے صحافیوں، سوشل میڈیا کارکنوں اور میڈیا ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید صحافیوں نے حق، سچ اور آزادی اظہار کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور ان کی قربانیاں صحافت کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس فریضہ ہے اور صحافی حقائق عوام تک پہنچانے اور لوگوں کے مسائل اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان کے صحافی نامساعد حالات، خطرات اور مشکلات کے باوجود اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے عوام کی آواز بنے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے شہداء کا دن منانے کا مقصد صرف شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ میڈیا کی آزادی، آزادی اظہار اور معلومات کے حق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافیوں کے مسائل، بدامنی اور پیشہ ورانہ مشکلات کے حل کے لیے تمام صحافتی اداروں کو متحد ہوکر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، شہید صحافیوں کے خاندانوں کی مناسب معاونت کی جائے اور فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہونے والے صحافیوں کے واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم صحافیوں کے حقوق، میڈیا کی آزادی اور آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور شہید صحافیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔