کوئٹہ(ویب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے تربت پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کا بلامقابلہ انتخاب صحافی برادری کے باہمی اتحاد، اعتماد اور یکجہتی کا مظہر ہے۔ انہوں نے صدر منتخب ہونے پر حافظ صلاح الدین سلفی، نائب صدر نور شاہ نور، جنرل سیکرٹری ماجد صمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایاز اسلم، فنانس سیکرٹری مقبول ناصر سمیت تمام عہدیداران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تربت پریس کلب مکران بھر میں صحافتی سرگرمیوں کا محور و مرکز ہے جہاں صحافیوں نے ہمیشہ عوامی مسائل، محروم طبقات کی آواز اور علاقائی پسماندگی کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی انتہائی کٹھن اور نامساعد حالات میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں اور فرائض کی ادائیگی کے دوران صوبے کے کئی بہادر صحافیوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو بلوچستان کی صحافتی تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جھوٹی خبروں اور سنسنی خیزی کے رجحان میں اضافے کے باعث صحافیوں کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، اس لیے تحقیق، غیر جانب داری اور صحافتی اخلاقیات کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تربت پریس کلب کی نئی کابینہ آزادی صحافت کے تحفظ، صحافتی اقدار کے فروغ، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پریس کلب کے انتظامی امور کو مزید فعال بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
