کوئٹہ (ویب نیوز) سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ اور پشین میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران کمانڈر سمیت 9 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ افراد کی ایک گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کمانڈر نقیب سمیت تین افراد ہلاک اور گاڑی تباہ ہوگئی۔ دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ وہ سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی اور صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور بلیدی نے مستونگ میں کارروائی کو سیکیورٹی فورسز کی کامیابی قرار دیتے ہوئے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امن دشمن عناصر کو بلوچستان کا پرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ریاستی اداروں کی کارروائیاں مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی اور دہشتگردوں و ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
