کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے اضلاع خاران اور قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے نوروز کلات میں کارروائی کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے تقریباً 200 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، سب مشین گنز اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ اسی طرح قلات میں بھی ایک الگ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب تفتان کے سرحدی علاقے میں اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے تقریباً 44 لاکھ روپے مالیت کا غیر قانونی سامان قبضے میں لے لیا گیا، جس میں مصالحہ جات، ادویات، ایم پی تھری پلیئرز اور ادرک شامل ہیں۔ حکام کے مطابق دہشت گردی اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ بلوچستان میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
