پاکستان ۱۸ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ویب نیوز) ’’آپریشن ردالفتنہ 3‘‘ کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 9 سے زائد دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب کے علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں ایک بڑے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق سوراب میں سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور حاجیکہ گاؤں میں کامیاب کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں مسلسل جاری رکھی جائیں گی۔