مقامی ۳ جون ۲۰۲۶

بلوچستان میں دکانیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنے کا حکم

کوئٹہ)صداقت ویب نیوز( حکومتِ بلوچستان نے وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری مہم کے تحت صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، بازار، کریانہ اور جنرل اسٹورز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔ ہوٹل، ریسٹورنٹس، کیفے، پھل و سبزی کی دکانیں رات 11 بجے بند ہوں گی، تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروسز جاری رہیں گی۔ ہسپتال، کلینکس، میڈیکل اسٹورز، تندور، بیکریاں، دودھ و ڈیری شاپس، پیٹرول پمپس، چارجنگ اسٹیشنز، جم، کھیلوں کے مراکز، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ صوبائی حکومت نے تمام انتظامی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔