مقامی ۲۶ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں جنگل کا قانون ہے، امن کے نام پر کچھ نہیں، حاجی عنایت اللہ بازئی

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام تحصیل بوستان کے امیر حاجی عنایت اللہ بازئی، جنرل سیکرٹری حافظ نعمت اللہ اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں جنگل کا قانون نافذ ہے اور امن نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بدامنی عروج پر پہنچ چکی ہے اور روزانہ قتل، لوٹ مار اور دیگر جرائم کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث عوام میں شدید خوف و تشویش پائی جاتی ہے۔ جے یو آئی تحصیل بوستان کے رہنماؤں نے کہا کہ شہری خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتے اور حکومت عوام کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ حاجی عنایت اللہ بازئی اور حافظ نعمت اللہ نے کہا کہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں عوام مسلسل مشکلات اور بدامنی کے احساس سے دوچار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔