تازہ ترین ۱۸ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں تمام اضلاع میں غیر معیاری کاموں کے خلاف کارروائی ہوگی، میر سلیم خان کھوسہ

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اور اپنے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام اضلاع میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی ضلع میں غیر معیاری کام پایا گیا تو متعلقہ ٹھیکیدار اور ایکسین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے انتخابی حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، بالخصوص سڑکوں، مواصلاتی نظام اور دیگر ضروری ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور لوگ اپنے مسائل براہِ راست ان کے سامنے پیش کر سکتے ہیں، جن کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور علاقے کی ترقی و عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔