تازہ ترین ۱۴ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں امن کے لیے سیاسی جماعتیں، حکومت اور سکیورٹی فورسز ایک پیج پر ہوں: میر زابد ریکی

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی میر زابد ریکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کا واحد حل یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں، حکومت اور سکیورٹی فورسز مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں، کیونکہ جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز ایک چھتری تلے متحد نہیں ہوں گے، صوبے میں پائیدار امن کا قیام مشکل رہے گا۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو ساتھ ملا کر دہشت گردی کا راستہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن کے دشمن ایک منصوبے کے تحت بلوچستان میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں، ہم روزانہ اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا رہے ہیں اور اب اس صورتحال سے تھک چکے ہیں، امن و امان کی صورتحال اس حد تک خراب ہوچکی ہے کہ ججز بھی دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے جبکہ کاروباری حلقے، تاجر اور بالخصوص ٹرانسپورٹرز شدید تشویش اور مالی نقصانات سے دوچار ہیں۔ میر زابد ریکی نے کہا کہ اب تنقید برائے تنقید کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا اور حکومت، سیاسی جماعتوں اور سکیورٹی اداروں کو ایک پیج پر متحد ہونا ہوگا، کیونکہ بلوچستان میں امن کا قیام سب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسائل کو ایک میز پر بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، یہی واحد راستہ اور آخری آپشن ہے، بصورت دیگر بعد میں صرف پچھتاوا باقی رہ جائے گا۔