کوئٹہ (ویب نیوز) جمعہ کے روز بلوچستان سول سیکرٹریٹ کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے عام شہریوں کے لیے بند کر دیا گیا، جس کے باعث دور دراز علاقوں سے آنے والے سیکڑوں مرد و خواتین سائلین کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹریٹ کے تمام داخلی دروازے عام شہریوں کے لیے بند رہے، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے جمعہ کی تعطیل، سیکیورٹی الرٹ اور دفتری امور کی بندش کو جواز بنا کر سائلین کو واپس بھیج دیا۔ عوامی حلقوں نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ ایسے فیصلوں سے قبل باقاعدہ عوامی اعلان کیا جائے تاکہ شہری غیر ضروری سفر اور مشکلات سے بچ سکیں۔
