کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان سول سروسز اکیڈمی کوئٹہ میں آٹھویں ایڈہاک نصابی کمیٹی کا اجلاس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ احمد جمالی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ سرکاری افسران، تعلیمی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مواصلات، تعمیرات، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ محکمے کے انجینئرز اور سب ڈویژنل افسران کے لیے 12 ہفتوں کے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سپرنٹنڈنٹس اور آفس کوآرڈینیٹرز کے لیے 8 ہفتوں کے تربیتی پروگرام جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور سیکشن افسران کے لیے پہلی مرتبہ پری سروس تربیتی پروگرام کے نصاب پر غور کرکے منظوری دی گئی۔ تربیتی پروگراموں کا مقصد سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ، انتظامی، تکنیکی اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مؤثر، شفاف اور جوابدہ طرز حکمرانی کے لیے ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان اور خصوصی طور پر مدعو کیے گئے مہمانوں نے شرکت کی، جبکہ بلوچستان سول سروسز اکیڈمی نے سرکاری افسران کی استعداد کار بڑھانے، پیشہ ورانہ معیار بہتر بنانے اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
