پاکستان ۳ جون ۲۰۲۶

بلوچستان اور پاکستان کے مسائل کا حل آئین، عدلیہ اور سچائی میں مضمر ہے، محمود خان اچکزئی

کوئٹہ:)صداقت ویب نیوز( تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کو درپیش مسائل کا مستقل اور پائیدار حل سچائی، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں پوشیدہ ہے۔ بلوچستان بار کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین طویل سیاسی جدوجہد اور قومی اتفاق رائے کا نتیجہ ہے، جو شہریوں کے حقوق اور ریاستی نظام کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی و آئینی مسائل کا حل عدالتوں، پارلیمان اور آئینی اداروں کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ محمود خان اچکزئی نے شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ انتخابات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل پر عوامی اعتماد جمہوری استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے وسائل پر پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے اور بلوچستان کے قدرتی وسائل سے متعلق فیصلوں میں مقامی آبادی کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے تاکہ معاشی انصاف، عوامی خوشحالی اور پائیدار استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔