کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے معرکۂ حق سے متعلق مشترکہ تہنیتی قرارداد پیش کی گئی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ قرارداد میں پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کو دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے، سات جنگی طیارے مار گرانے اور قومی سلامتی کے تحفظ پر خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہا گیا۔ اجلاس کے دوران مختلف اراکین اسمبلی نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی یکجہتی اور پاکستان کے دفاعی کردار پر اظہار خیال کیا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوانوں کو روزگار اور فنی تربیت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ اجلاس میں سیف سٹی اتھارٹی آرڈیننس 2026 میں 90 روز کی توسیع بھی منظور کی گئی جبکہ سیندک منصوبے، یوتھ اسکلز پروگرام اور دیگر امور پر بھی تفصیلی بحث ہوئی، بعدازاں اجلاس 11 مئی تک ملتوی کردیا گیا۔
