مظفرآباد (ویب نیوز): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے بائیکاٹ کی سیاست ترک کرکے فعال پارلیمانی کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو انتخابات، پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیوں کا بائیکاٹ چھوڑ کر عملی سیاست کی طرف آنا چاہیے۔ مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے سنجیدہ سیاستدانوں کی طرف اپنا ہاتھ بڑھا رہے ہیں تاکہ پارلیمنٹ میں مل کر اصلاحات کی جا سکیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی انتخابی دھاندلی کے مسائل سے متاثر رہی ہے اور ہر وہ سیاسی کارکن جو آزادانہ فیصلہ کرنا چاہتا ہے، وہ جمہوری عمل کے ذریعے ملک میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے آگے آئے۔
