اسلام آباد (صداقت نیوز)وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ کے اہم نکات تیار کرلیے ہیں، جس کے مطابق مجموعی بجٹ کا حجم 17.1 ٹریلین روپے تجویز کیا گیا ہے جبکہ معاشی شرح نمو کا ہدف 4.1 فیصد مقرر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ اوسط مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور پیٹرولیم لیوی سے ایک ہزار 727 ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس ریونیو کا ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے، وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا حجم 1.1 ٹریلین روپے جبکہ قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 7 ہزار 824 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دفاعی شعبے کے لیے 2 ہزار 665 ارب روپے اور نان ٹیکس ریونیو کا ہدف 2 ہزار 768 ارب روپے متوقع ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بجٹ اجلاس 5 جون کو طلب کیے گئے ہیں جبکہ قومی اقتصادی سروے 4 جون کو جاری کیا جائے گا۔ دوسری جانب سرکاری ملازمین اور پنشنرز نے مہنگائی کے تناسب سے ریلیف کو ناکافی قرار دیتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن میں سو فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے اور بجٹ سے قبل احتجاجی دھرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
