پاکستان ۲۹ مئی ۲۰۲۶

بجٹ سے پہلے ہی حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان تنازع سامنے آگیا

اسلام اباد (صداقت نيوز)نئے مالی سال کے بجٹ سے قبل حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، جہاں ایک جانب حکومت نے ملازمین اور پنشنرز کو مہنگائی کے تناسب سے ریلیف دینے کا عندیہ دیا ہے، وہیں سرکاری ملازمین نے تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کردیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنظیم نے بجٹ پیش ہونے سے ایک روز قبل وزارت خزانہ کے سامنے اور بجٹ والے روز پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر چارٹر آف ڈیمانڈز پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) نے 10 مارچ 2025 کے معاہدے پر عملدرآمد، کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر کرنے، پنشنرز کے لیے کم از کم 50 ہزار روپے پنشن اور تنخواہوں میں فرق ختم کرنے کے لیے محروم ملازمین کو 30 فیصد الاؤنس دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ مالی سال 2026-27 کے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بجٹ اجلاس 5 جون کو منعقد ہوں گے جبکہ قومی اقتصادی سروے 4 جون کو جاری کیا جائے گا۔