مقامی ۱۳ ستمبر ۲۰۲۶

ببری واقعہ، سسرالی خاندان کا تیزاب گردی کا الزام مسترد، مرگی کے دورے سے چہرہ جھلسنے کا دعویٰ

مستونگ(ویب نیوز) مستونگ کے علاقے ببری میں پیش آنے والے واقعے پر متاثرہ خاتون کے سسرالی خاندان نے تیزاب گردی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ سراوان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خاندان کے افراد نے بتایا کہ خاتون گزشتہ تقریباً چھ سال سے مرگی کے مرض میں مبتلا اور زیرِ علاج ہے، جس کے علاج کا ریکارڈ ایف سی اسپتال سمیت دیگر طبی مراکز میں موجود ہے۔ ان کے مطابق واقعے کے روز خاتون گھر میں سالن تیار کررہی تھی کہ اسے اچانک مرگی کا شدید دورہ پڑا، اس وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا اور خواتین نے اسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا۔ خاندان کا دعویٰ ہے کہ دورانِ واقعہ آگ سے خاتون کے چہرے کا ایک حصہ جھلس گیا، جسے بعدازاں تیزاب گردی کا رنگ دیا گیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ طبی ریکارڈ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔