اسلام آباد(ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو اڈیالا جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ منتقلی سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور آمدورفت کے بعض راستے ٹریفک کے لیے بند رہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق عمران خان کے علاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم ان کا طبی معائنہ کرے گی، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کو داخل کرنے کی صورت میں بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے عمران خان کو بیرونِ ملک بھیجے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جبکہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظرثانی درخواست بعض اعتراضات کے ساتھ واپس کردی تھی۔
