کوئٹہ (ویب نیوز) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تو تحریک انصاف پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آ سکتی ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ فعال رہے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔ انہوں نے عمران خان کی صحت سے متعلق جان بوجھ کر ابہام پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پارٹی میں اختلافات پیدا کرنا بھی ہوسکتا ہے۔ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات سے وہ آگاہ ہیں اور مذاکرات کے لیے بانی پی ٹی آئی کے پاس تجاویز لے کر گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو پارلیمنٹ ہاؤس کے آئینی روم میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی اور پارٹی میں فرق سمجھتے ہیں اور آخری دم تک عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
