مقامی ۱ ستمبر ۲۰۲۶

بابر یوسفزئی: دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی

کوئٹہ (ویب نیوز) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے نوکچہ چاغی اور زیارت کراس پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست اپنے عزم سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ قومی شاہراہوں، مسافروں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کار بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گرد عناصر عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ معاون برائے داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ ٹھکانہ باقی نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ بلوچستان میں ریاست کی عملداری ہر صورت برقرار رہے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ بابر یوسفزئی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔