تازہ ترین ۷ جون ۲۰۲۶

ایران کے میزائل حملے کے بعد اسرائیل میں دھماکے، متعدد علاقوں میں سائرن بج اٹھے

تل ابیب(ویب نیوز) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا، جس کے بعد وسطی اسرائیل میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل داغے جانے کے بعد وسطی اسرائیل میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ چار میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے، تاہم مزید میزائل اسرائیل کی جانب بڑھ رہے تھے۔رپورٹس کے مطابق ایران سے میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل کے کئی شہروں میں ہنگامی سائرن بجائے گئے، جس پر حکام نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی۔اسرائیلی فوج نے بتایا کہ دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ضروری حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ فوج نے کہا کہ جن افراد کو موبائل فون پر ہنگامی الرٹ موصول ہوا ہے وہ فوری طور پر قریبی محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق ایران نے بیروت پر حملے کے بعد جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد یہ تازہ میزائل حملہ سامنے آیا ہے۔ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لبنان کے علاقے ضاحیہ پر حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران میں ثالثی کوششوں کے دوران لبنان پر بمباری کرکے دشمن نے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچایا ہے اور ایران خلاف ورزی کرنے والوں کو طاقت کی زبان میں جواب دے گا۔