تہران (بین الاقوامی ڈیسک)ایران کے جنوبی شہروں میناب، سیرک اور جزیرہ کیش میں جمعرات کی شب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ صوبہ فارس اور مغربی تہران میں فضائی دفاعی نظام بھی متحرک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی حملے شروع ہو چکے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران میں متعدد اہداف پر اضافی دفاعی حملے کیے جا رہے ہیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 15 منٹ پر حملوں کا آغاز کیا گیا۔ دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ قشم اور ہینگام جزائر پر میزائل حملے ہوئے ہیں، جبکہ ایرانی بندرگاہ گرگان کے علاقے میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ تاہم حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات یا جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
