کوئٹہ(ویب نیوز)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کو شامل کیے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں کوئی بھی نیا سیکیورٹی ڈھانچہ یا اتحاد کامیاب نہیں ہو سکتا۔ تہران میں مقامی عہدیداروں اور سماجی کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے تمام علاقائی ممالک کی شمولیت ضروری ہے۔عباس عراقچی کے مطابق ایران کو نظر انداز کر کے علاقائی سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی نے یہ ثابت کیا ہے کہ ایران کے خلاف دباؤ اور تنہائی کی پالیسی ناکام رہی ہے، جبکہ ایرانی عوام نے سخت حالات کے باوجود مزاحمت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ اور دباؤ کے باوجود مزید مضبوط اور متحد ہو کر ابھرا ہے۔
