امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر ایران اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کرے تو اسے تعمیرات کی مد میں 300 ارب ڈالر تک کے فنڈز سے فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 24 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرنا معاہدے کے موجودہ مسودے میں شامل نہیں ہے۔ جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی قسم کی مالی رعایت یا پابندیوں میں نرمی صرف اسی صورت میں ملے گی جب وہ اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کے خاتمے اور بین الاقوامی تصدیقی نظام کو قبول کرنے جیسے قابلِ تصدیق اقدامات کرے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور اس کا مسودہ جمعے کے بعد کسی وقت جاری کیا جائے گا۔ ان کے مطابق جے ڈی وینس دستخطی تقریب کے لیے جنیوا جائیں گے، تاہم وہ خود ممکنہ طور پر اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
