کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کی پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی فوج نے امریکی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق احمد الجابر ایئربیس پر ابتدائی انتباہی ریڈار، میزائل دفاعی نظام، ایف پی ایس-117 ریڈار، پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم اور دیگر عسکری تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی فوج نے کیمپ عریفجان، کیمپ العدیری اور احمد الجابر ایئربیس کی بعض تنصیبات پر حملوں کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد امریکی عسکری صلاحیت کو محدود کرنا تھا۔ دوسری جانب کویتی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بنا دیا، جبکہ بحرین میں امریکی تنصیبات پر حملوں کے ایرانی دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔
