کوئٹہ (ویب نیوز) اسلامی جمہوریہ ایران نے بلوچستان میں جاری غیر یقینی صورتحال، اہم شاہراہوں کی بندش اور پاک-ایران سرحدی گزرگاہوں پر نقل و حمل میں رکاوٹوں کے باعث پاکستان کے لیے برآمدی سامان کی لوڈنگ اور ترسیل عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے حکومت پاکستان کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں موجودہ حالات کے باعث بین الاقوامی ٹرانسپورٹ، تجارتی سرگرمیوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق سرحدی راستوں پر غیر معمولی تاخیر، بڑھتے ہوئے اخراجات اور نقل و حرکت میں رکاوٹوں کے سبب برآمد کنندگان، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور لاجسٹک اداروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔ مراسلے میں تافتان، گوادر اور مند کے راستوں پر تجارت کی معطلی کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام عارضی نوعیت کا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد تجارتی سرگرمیاں دوبارہ بحال کر دی جائیں گی۔
