کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن “نصر دوم” کے دوران امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر 11 لڑاکا طیارے تباہ کیے گئے اور گزشتہ 15 روز کے دوران 200 امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔ آئی آر جی سی کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے مطابق ایرانی ڈرونز اور میزائل بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے اپنے اہداف تک پہنچے، آٹھ فوجی تنصیبات اور ایک مقام پر 20 پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے اسرائیل اور برطانیہ کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی کارروائی یا تعاون کی صورت میں مناسب جواب دیا جائے گا۔ ترجمان نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو مبینہ متاثرہ فوجی مراکز کا دورہ کرایا جائے تاکہ نقصانات کی حقیقت سامنے آسکے۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
