تازہ ترین ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

ایران مذاکرات جاری رکھنے پر آمادہ، پاکستان اور قطر کی ثالثی کی کوششیں تیز

کوئٹہ (یو این اے) ایران نے پاکستان کو بھیجے گئے ایک پیغام میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جبکہ پاکستان اور قطر دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے مذاکرات کی بحالی سے متعلق پاکستان اور قطر کی تجویز پر اپنے جوابات جمع کرا دیے ہیں۔ ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت مذاکرات جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ مذاکرات سے دستبردار نہیں ہوا بلکہ انہیں عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا، اور بات چیت اسی مرحلے سے دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے جہاں یہ رکی تھی۔ رپورٹ کے مطابق مذاکرات کا نیا دور جنیوا، دوحہ یا اسلام آباد میں سے کسی بھی مقام پر منعقد ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرامینیا نے کہا ہے کہ امریکا نے گزشتہ دو راتوں سے حملے روک دیے ہیں، جس کے بعد ایران نے بھی اپنی جوابی کارروائیاں معطل کر دی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اس وقت واضح حکمت عملی سے محروم ہے، جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید بڑے حملوں کا منصوبہ فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔