مقامی ۱۸ ستمبر ۲۰۲۶

ایرانی ڈیزل اور پٹرول لانے والی گاڑیوں سے مبینہ بھتہ وصولی کی شکایات

اوتھل(ویب نیوز) لسبیلہ ڈویژن کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں زیرو پوائنٹ اور لاکھڑا روڈ مکا موڑ پر قائم چیک پوسٹوں پر ایرانی ڈیزل اور پٹرول لانے والی گاڑیوں سے مبینہ بھتہ وصولی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کچے راستوں سے ایرانی ڈیزل و پٹرول لانے والی بعض گاڑیوں سے مختلف چیک پوسٹوں پر مبینہ طور پر رقم وصول کی جارہی ہے جبکہ زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ پر تعینات بعض اہلکاروں کے حوالے سے بھی شکایات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان نے پولیس چوکیوں اور چیک پوسٹوں پر مبینہ غیرقانونی وصولیوں کی روک تھام کے لیے احکامات جاری کر رکھے ہیں، تاہم شکایات کے مطابق بعض مقامات پر ان پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہورہا۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات کے نتیجے میں الزامات درست ثابت ہونے پر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹیں عوام اور مسافروں کے تحفظ اور قانون کے نفاذ کے لیے قائم ہوتی ہیں، اس لیے ان سے متعلق ہر شکایت کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔