کوئٹہ (ویب نیوز) کویت کی وزارتِ بجلی، پانی و توانائی نے کہا ہے کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں ایک بجلی گھر اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، جہاں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد تنصیبات متاثر ہوئیں۔ وزارت کے مطابق حملے کے باعث بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے، تاہم قومی بجلی نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے ہنگامی منصوبہ فوری طور پر فعال کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کویت فائر فورس نے آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ تکنیکی ٹیمیں نقصان کا جائزہ لینے، پلانٹ کو محفوظ بنانے اور متاثرہ یونٹس کی بحالی میں مصروف ہیں۔ وزارت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال میں بجلی کا استعمال احتیاط سے کریں تاکہ قومی گرڈ پر دباؤ کم رہے۔ دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے شام، اردن، عمان اور بحرین میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اردن اور بحرین کی افواج نے ایرانی حملوں کو ناکام بنانے اور کسی بڑے نقصان کی تردید کی ہے۔
